دونوں ممالک میں نئی حکومتوں کی تشکیل کے بعد قیادت کی سطح پر یہ پہلا دورہ ہوگا

وزیراعظم اتوارسے ایران کادوروزہ سرکاری دورہ کر رہےہیں
10 مئی 2014 (13:59)
0

وزیراعظم نواز شریف ایران کے صدر حسن روحانی کی دعوت پر کل (اتوار)سے ایران کا دو روزہ سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق نوا زشریف کی ایران میں مصروفیات میں صدر روحانی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور آیت اﷲ علی خامنائی سے ملاقات شامل ہے۔
دوطرفہ بات چیت میں اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
وزیراعظم کے دورے کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون کے بارے میں مفاہمت کی کئی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے۔
دونوں ملکوں میں نئی حکومت کی تشکیل کے بعد اعلیٰ قیادت کی سطح کا یہ پہلا دورہ ہے۔
وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا ایک وفد بھی ایران جائے گاجس میں قومی سلامتی اور خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز ، وفاقی وزراء اسحق ڈار ، شاہد خاقان عباسی ، خارجہ امور کے بارے میں معاون خصوصی طارق فاطمی اور وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک شامل ہیں۔