نواز،پوٹن کا باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ۔

پاکستان،روس کا باہمی تعلقات ٹھوس اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر اتفاق
10 جون 2017 (20:46)
0

پاکستان اور روس نے اپنے موجودہ خوشگوار سیاسی تعلقات کو مختلف شعبوں میں طویل المیعاد شراکت داری میں تبدیل کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

اس عزم کا اظہار وزیراعظم نواز شریف اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات میں کیا گیا۔
دونوں رہنمائوں نے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی اپنی خواہش کا اعادہ کیا۔
انہوں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جامع انداز میں جائزہ لیا اور اتفاق کیا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
فریقین نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح پر بات چیت اور اچھے سیاسی تعلقات نے سیاسی خیر سگالی کے جذبات کو ٹھوس اقتصادی اشتراک عمل میں تبدیل کرنے کی راہ ہموار کر دی ہے۔
انہوں نے تجارت، معیشت، سائنس اور ٹیکنالوجی اور فنی شعبوں میں تعاون کے بارے میں پاک روس بین الحکومتی کمیشن کے آئندہ اجلاس کے لئے ٹھوس تجاویز پر کام کرنے پر بھی اتفا ق کیا جس کا اجلاس اس سال دسمبر میں ماسکو میں ہوگا۔
ملاقات میں شمال جنوب گیس پائپ لائن پر کام کی رفتار تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس معاہدے پر دونوں ملکوں نے اکتوبر دو ہزار پندرہ میں دستخط کئے تھے۔
فریقین نے حالیہ برسوں میں دفاعی تعلقات کا بھی جائزہ لیا۔
وزیراعظم نواز شریف قازخستان کے دو روزہ سرکاری دورے کے بعد اب لاہور پہنچ گئے ہیں۔