احسن اقبال نے کہا کہ رپورٹ مسلم لیگ (ن) کے مخالفین کے الزامات کا مجموعہ ہے۔

مسلم لیگ(ن) نے جے آئی ٹی رپورٹ مسترد کر دی
10 جولائی 2017 (20:47)
0

پاکستان مسلم لیگ نون نے سپریم کورٹ میں پانامہ پیپرز میں پیش کی جانے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے اسے حزب اختلاف کی ایک سیاسی جماعت کی طرف سے لگائے جانے والے الزامات کا مجموعہ قراردیا ہے۔
منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال نے پیر کی شام اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں وزیراعظم اور ان کے خاندان کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ وہ جے آئی ٹی کے بارے میں اپنے اعتراضات عدالت عظمیٰ میں پیش کریںگے۔
قانون کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی بیرسٹر ظفراﷲ نے کہاکہ جے آئی ٹی کی رپورٹ دراصل تحریک انصاف کی رپورٹ ہے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم مقدمے کی سب سے اہم گواہ کا بیان ریکارڈ کرنے میں ناکام رہی ہے ۔
وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) سپریم کورٹ میں جے آئی ٹی کی رپورٹ میں تمام خامیوں نقائص اورتضادات کو بے نقاب کرے گی ۔
پیٹرولیم وقدرتی وسائل کے وزیر شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ جے آئی ٹی رپورٹ کی تحقیقات ٹھوس شوائد کی بجائے قیاس آرائیوں اور مفروضوں پرمبنی ہے۔