حکومت ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کوشاں
10 جنوری 2017 (19:19)
0

سینیٹ کو منگل کے روز بتایا گیا کہ حکومت ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ واریت پر قابو پانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے۔
وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وزیر مملکت پیر امین الحسنات نے کہا کہ حکومت نے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور مدارس کے نصاب سے نفرت انگیز مواد کے خاتمے کیلئے علماء اور مشائخ کی قومی کونسل تشکیل دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کونسل نے یہ تجویز بھی دی ہے کہ نفرت انگیز مواد اور تقاریر پر نظر رکھنے اور ایسے مواد کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش کیلئے قومی سطح پر ایک علماء بورڈ قائم کیا جاسکتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں پیر امین الحسنات نے کہا کہ حکومت آئین کے مطابق اقلیتوں کے حقو ق کے تحفظ کیلئے بھی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقیم اقلیتوں کی فلاح وبہبود کیلئے مناسب فنڈز یقینی بنائے جائیں گے۔