قومی اسمبلی: گوادر بندرگاہ فری زون کا آزمائشی مرحلہ اس سال دسمبر تک مکمل ہوگا
10 اگست 2017 (15:24)
0

قومی اسمبلی کو بتایاگیا ہے کہ عمرہ کے معاملات کو وزارت مذہبی امور کے ماتحت لانے کے لئے حج و عمرہ سروسز مینجمنٹ بل 2017 کی تیاری جاری ہے۔
آج وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے مذہبی امور کے پارلیمانی سیکرٹری Khalil George نے بتایا کہ تمام فریقوں سے مشاورت کے بعد بل جلد ایوان میں پیش کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اس سال ارکان پارلیمنٹ کے لئے خصوصی حج کوٹہ مختص نہیں کیاگیا۔
ایک تحریری جواب میں بندرگا ہوں اور جہاز رانی کے وزیر حاصل خان بزنجو نے ایوان کو بتایا کہ گوادر پورٹ فری زون کے آزمائشی مرحلے کا تعمیراتی کام ا س سال دسمبر تک مکمل ہوگا اور اگلے مرحلے کا کام جنوری سے شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے گوادر پورٹ فری زون میں اندراج شدہ سرمایہ کاروں کے لئے تیئس سال کے لئے ٹیکس مراعات کی اجازت دی ہے۔جن میں برآمدی اوردرآمدی ڈیوٹیز، سیلز ٹیکس، کوآپریٹ انکم ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی جیسے وفاقی ٹیکسوں کی ادائیگی سے استثنیٰ شامل ہے۔

ہائوسنگ و تعمیرات کے پارلیمانی سیکرٹری ساجد مہدی نے کہاہے کہ اسلام آباد میں وفاقی سرکاری ملازمین کیلئے گھروں کی شدید قلت ہے اورحکومت اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔صنعتوں و پیداوار کے پارلیمانی سیکرٹری رائو محمد اجمل خان نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن سے خریداری میں تقریباً 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا، انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز کو اشیا کی فراہمی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ایوان کا اجلاس 17 اگست کو سہ پہرتین بجے تک ملتوی کردیاگیاہے۔