نوازشریف کا ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے کام کرنے کے عزم کا اظہار
10 اگست 2017 (07:45)
0

سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہاہے کہ عوام نے ملک کے منتخب وزیراعظم کے خلاف فیصلہ مسترد کردیاہے۔ وہ رات کمیٹی چوک راولپنڈی میں ایک بڑے اجتماع اور ریلی کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔ 

نوازشریف نے کہاکہ وقت کاتقاضا ہے کہ ملک میں جمہوریت کو مستحکم کیاجائے انہوں نے اس حقیقت کو پاکستان کی تاریخ کاتاریک پہلو قراردیاکہ ملک کے کسی وزیراعظم کو اپنی آئینی مدت مکمل نہیں کرنے دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ میرے خلاف بدعنوانی کاایک بھی الزام نہیں ہے اور انہیں اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر اپنے منصب سے نااہل کردیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ ریلی کامقصد اُنکی بحالی نہیں بلکہ یہ ملکی بہتری کے لئے ہے۔
ملک میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے نوازشریف نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ایک تاریخی منصوبہ ہے جو ملک کی ترقی وخوشحالی کی راہ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ چارسال میں لوڈشیڈنگ کاتقریباً خاتمہ کردیاگیاہے اور دوہزاراٹھارہ تک یہ مکمل طورپر ختم ہوجائے گی۔
انہوں نے راولپنڈی کے عوا م کاشکریہ ادا کیا اور کہاکہ یہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کاشہر ہے۔
نوازشریف نے رات پنجاب ہائوس میں قیام کرنے کااعلان کیا وہ آج دن گیارہ بجے کچہری چوک راولپنڈی سے لاہور کاسفر شروع کریں گے۔ انہوں نے گزشتہ روز سیکیورٹی اہلکارکی شہادت پر بھی تعزیت کی۔