یہ بات اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل نےپیر کے روز اسلام آباد میں مشیرخارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز بریفنگ کے دوران کہی

10 اپریل 2017 (16:35)
0

اسلامی تعاون تنظیم نے کہا ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل کے بارے میں پاکستان کے موقف سے مکمل متفق ہے۔
یہ بات اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد Al othaimeen نے پیر کے روز اسلام آباد میں مشیرخارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز بریفنگ کے دوران کہی۔
دونوں رہنمائوں نے کہاکہ مسلم امہ کو درپیش مسائل اور آگے بڑھنے کیلئے بھی ہمارے نقطہ نظرمیں سو فیصد ہم آہنگی ہے۔
او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے کہاکہ کشمیر اور فلسطین کے تنازعات اسلام کے بارے میں منفی تاثر اورغیر مسلم ملکوں میں مسلمانوں کی حالت زار کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم اورپاکستان کا موقف ایک جیسا ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ اسلامی تعاون تنظیم کے ایجنڈے میں ہمیشہ سرفہرست رہا ہے انہوں نے کہاکہ اسلامی تعاون تنظیم بھارت پر زور دے رہی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر تک رسائی فراہم کرے تاہم بد قسمتی سے اس نے درخواست مسترد کردی ہے۔
فریقین نے سائنس و ٹیکنالوجی کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے آئندہ سربراہ اجلاس کے انعقاد کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
شام کے تنازعے سے متعلق انہوں نے کہاکہ اسلامی تعاون تنظیم اس مسئلے کا پرامن چاہتی ہے اور پناہ گزینوں کے لئے امداد اکٹھی کررہی ہے تاکہ ان کی مشکلات ختم کی جاسکیں۔


comments powered by Disqus