فاروق حیدر کی بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید4 کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے واقعات کی شدید مذمت
10 اپریل 2017 (16:19)
0

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے تین اضلاع میں ڈھونگ پارلیمانی انتخابات میںووٹ ڈالنے کی انتہائی کم شرح اس بات کا مظہر ہے کہ کشمیری بھارتی آئین کے تحت کسی انتخابی یا سیاسی عمل کو قبول نہیں کرتے۔
مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد ضمنی انتخابات پر اپنے ردعمل میں راجہ فاروق حیدر خان نے کہاکہ ووٹ ڈالنے کی کم ترین شرح اس بات کی بھی دلیل ہے کہ بھارت اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود کشمیری قوم کی وفا داریاں نہیں جیت سکتا۔
انہوں نے مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں آج بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید چار کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے واقعات کی شدید مذمت کی ۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم نے وفاقی حکومت سے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال پر غور کرنے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس بلانے کے حوالے سے سفارتی کوششیں شروع کرے۔