ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس کی سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔

بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیوکو موت کی سزا سنا دی گئی
10 اپریل 2017 (15:49)
0

بھارتی خفیہ ادارے ''را'' کے کارندے کل بھوشن یادیو کو جاسوسی کرنے اور پاکستان کے خلاف تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر موت کی سزا سنا دی گئی ہے۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارتی جاسوس کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ 1952 اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ1923 کی شق تین کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے ذریعے مقدمہ چلایا گیا۔انہوں نے کہاکہ بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس کی سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔
فیلڈ جنرل کورٹ مارشل میں کل بھوشن سدھیر یادیو کو تمام الزامات درست ثابت ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ کل بھوشن نے مجسٹریٹ اور عدالت کے روبرو اعتراف کیا کہ اسے را کی طرف سے ٹاسک دیا گیا تھا اس نے معاونت اور جاسوسی کی ،پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے تخریبی کارروائیوں میں ملوث رہا اور بلوچستان اورکراچی میں پاکستان کے خلاف جنگ چھیڑی۔مجرم کو قانونی شقوں کے مطابق دفاعی آفیسر کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔کل بھوشن عرف حسین مبارک پٹیل کو گزشتہ سال تین مارچ کو بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں خفیہ اطلاع پر کی جانے والی ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیاگیا تھا۔
کل بھوشن کے اعترافی بیان کی بنیاد پر پاکستان نے ملک کے اندر تخریبی کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے بارے میں ثبوت اقوام متحدہ کو بھی فراہم کئے تھے۔