نوازشریف نے یوم دستور پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آئین نے ایک مضبوط اور منظم وفاق کی بنیاد رکھی۔

پاکستان کا آئین کسی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرتا ہے: وزیراعظم
10 اپریل 2017 (12:39)
0

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین کسی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرتا ہے ۔یوم دستور پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ آئین نے ایک مضبوط اور منظم وفاق کی بنیاد رکھی۔یوم دستور پرقوم کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ دن ان تمام شہریوں اور رہنمائوں کی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے جنہوں نے قومی اتفاق رائے سے آئین کی تیاری کے لئے انتھک کوششیں کی۔
انہوںنے کہاکہ یہ وہ دن ان تمام پاکستانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے جمہوریت اور آئین کی بالادستی کیلئے قربانیاں دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک قوم کی حیثیت سے ہم سب کو اس بات کا ادارک کرنا چاہیے کہ ملک کا بالادست قانون مضبوط ،مستحکم اور متفقہ ہو۔
انہوں نے کہاکہ اب ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ آئین کی جمہوری پارلیمانی اوروفاقی نوعیت تبدیل کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہ ہو۔
انہوں نے کہاکہ یوم دستور کو منانے کی روایت سے ہمیں نہ صرف آئین کی بالادستی برقرار رکھنے کی قوت ملے گی بلکہ ہمارے مستقبل کی نسلوں کو جمہوریت اور جمہوری نظم ونسق کے بارے میں معلومات ملیں گی۔