Monday, 25 May 2020, 12:27:38 pm
صدر کا عصر حاضر کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے درست حکمت عملی وضع کرنے پرزور
December 10, 2019

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے جدید دور کے مسائل سے نمٹنے کے لئے درست حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پرزور دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات منگل کی سہ پہر اسلام آباد میں کامسیٹس کے پچیس سال مکمل ہونے کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ماحول اور موسم کی تبدیلی سے متعلق مسائل خطہ ارض کی خطرناک تصویر پیش کرتے ہیں۔

صدر نے کہا کہ حیاتیاتی تغیر اور انواع و اقسام کے پودوں اور جانوروں کی اندھا دھند تباہی اس بات کا واضح ثبوت ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کاربن لوڈ انسانی نسل کے لئے تباہ کن ہے انہوں نے کہا کہ بعض تحقیقی مقالوں میں سمندر وں میں آکسیجن کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کاربن کا استعمال کم کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

صدر نے کامسیٹس کے رکن ممالک کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لئے ان کے درمیان مشترکہ تعاون پر زور دیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے میں ہونے والی تیزترین تبدیلیوں کے ساتھ ملکی ترقی اور خوشحالی میں سائنس اور ٹیکنالوجی کا کردار انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی علاقائی اور قومی تناظر میں پیش رفت کے باعث بین الاقوامی اور علاقائی اشتراک عمل کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔