Wednesday, 22 January 2020, 07:34:50 pm
افغانستان میں امن و استحکام پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے،وزیر خارجہ
December 10, 2019

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے۔ترکی کے دارالحکومت استنبول میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ افغانستان میں امن کے قیام سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان میں سرمایہ کاری، تعمیرنو اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے مواقع میسر آئیں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے دوحہ میں امریکہ اور طالبان کے درمیان بات چیت میں مثبت کردار ادا کیا ہے اور اس کردار کو دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اپنی طرف کی سرحد سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے پر پاکستان کی بھی معترف ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے اپنی قبائلی پٹی کے بارے میں داخلی سیاسی مفاہمت قائم کی ہے اور انہیں خیبرپختونخوا میں ضم کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سابق فاٹا کی ترقی کے لئے ایک خصوصی مالیاتی پیکج مختص کیا ہے تاکہ علاقے سے احساس محرومی اور غربت ختم کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں یہ واضح کیا کہ پاکستان افغان امن عمل میں تنہا کوششیں نہیں کر سکتا اور دنیا کو بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے آگے آنا چاہئے۔