Thursday, 21 March 2019, 11:31:04 am
وزیر خارجہ کا سی پیک مکمل کرنے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ
December 10, 2018

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے چین اور پاکستان کی قیادت کے ویژن کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری مکمل کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات چین کے نائب وزیر خارجہ کانگXuanyou سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے پیر کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔

وزیر خارجہ نے پاک چین دوطرفہ سیاسی مشاورت کی کامیاب تکمیل پر چینی نائب وزیر خارجہ کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی گہرے ثقافتی، تاریخی اور ادارہ جاتی روابط پر مبنی ہے اور سدابہار تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے گزشتہ ماہ چین کے کامیاب دورے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ دوطرفہ تعاون کی تاریخ میں اہم سنگ میل ہے اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور دوستی کا رشتہ مضبوط ہوا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ آئندہ ہفتے سہ فریقی طریقہ کار کے تحت کابل میں چین ،افغانستان ، پاکستان وزرائے خارجہ کے دوسرے اجلاس کے منتظر ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے جذبات کا مثبت جواب دیتے ہوئے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور سیاسی ، اقتصادی ، دفاعی اور ثقافتی شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے قومی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور اس سلسلے میں چین کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔

دونوں رہنمائوں نے علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا اور ہر سطح پر تذویراتی تعاون اور رابطے مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔