Tuesday, 23 October 2018, 06:38:57 am
صوبے کے ہر ہسپتال میں تھیلی سیمیا سنٹر قائم کیا جائیگا ،ڈاکٹر یاسمین
October 10, 2018

 پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صحت کے شعبے کے فروغ کے لئے انقلابی اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے اسفند یار ہسپتال اٹک کے دورے میں کہا ہے کہ اس منصوبے کے حصے کے طور پر دستیاب سہولیات کے اعدادو شمار اکٹھے کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زچہ بچہ کی صحت کے لئے اٹک' میانوالی ' لیہ اور بھکر میں ایک الگ ہسپتال قائم کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ صوبے کے ہر ہسپتال میں ایک تھیلی سیمیا سنٹر بھی قائم کیا جائے گا۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صحت کارڈ کے لئے دس ارب روپے مختص کیے ہیںجس سے چار کروڑ افراد مستفید ہوں گے جو علاج معالجے اور لیبارٹری ٹیسٹوں کی سہولت باآسانی حاصل کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی اکتیس ہزار آسامیاں خالی پڑی ہیں جنہیں بتدریج پُر کیا جائے گا۔