Thursday, 13 December 2018, 04:34:36 am
پچاس لاکھ سستے مکانوں کی تعمیر،وزیراعظم کانیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا افتتاح
October 10, 2018

وزیراعظم عمران خان نے بدھ کی سہ پہر اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب میں نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کا افتتاح کیا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت نے آئندہ پانچ برسوں کے دوران غریب گھرانے کے افراد کو مناسب قیمت پر پچاس لاکھ مکانات کی فراہمی یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

وزیراعظم نے یقین ظاہر کیا کہ اس پروگرام سے نہ صرف غریبوں کو رہائش کی فراہمی کا خواب پورا ہوگا بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیداہوںگے۔

انہوں نے کہاکہ اس سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری بھی راغب ہوگی اور تقریباًچالیس متعلقہ صنعتوں کو فائدہ پہنچے گا۔

وزیراعظم نے نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی قائم کرنے کا اعلان کیا جس کا مقصد تعمیرات سے متعلق تمام معاملات کو ون ونڈو آپریشن کے تحت یقینی بنانا ہے۔

اتھارٹی تین ماہ میں قائم کی جائے گی جب تک اس منصوبے کی نگرانی ایک ٹاسک فورس کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنے ملازمین کیلئے پہلا منصوبہ شروع کررہی ہے جس کیلئے رجسٹریشن کا عمل کل شروع ہوگا۔ پنجاب حکومت بھی ایسا ہی منصوبہ شروع کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت صرف سہولت کار کا کردار ادا کرے گی جبکہ تعمیراتی کام نجی شعبہ کرے گا۔

انہوں نے کہا چونکہ منصوبے کیلئے بہت زیادہ افرادی قوت درکار ہوگی اس لئے لوگوں کو فنی تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہنر سکھانے کے سات ہزار ادارے کھولے جائیں گے۔

عمران خان نے امید ظاہر کی کہ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام حکومت کا اہم منصوبہ ثابت ہوگا جو ملک میں خوشحالی لائے گا۔

وزیراعظم نے پاکستان کے آئی ایم ایف میں جانے کے فیصلے پر بحث کا حوالہ دیا اور کہا کہ ملک مالی بحران سے گزررہا ہے تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ وہ قوم کو اس مشکل وقت سے نکال لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بیرونی قرضوں کی ادائیگی یقینی بنانے کیلئے قلیل مدتی اقدامات کررہی ہے۔ اس مقصد کیلئے وہ دوست ممالک اور آئی ایم ایف سے رابطہ کرے گی تاکہ دس سے بارہ ارب ڈالر کی فوری ضرورت کو پورا کیا جاسکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے ملک کو وسائل سے مالامال کیا ہے تاہم انہیں مناسب طور پر استعمال نہیں کیا گیا۔

انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ یقین رکھیں کہ وہ ملک کے حقیقی وسائل سے استفادہ کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ وہ ملک کو درپیش اقتصادی مسائل پر قابو پانے کیلئے بہت جلد ایک لائحہ عمل دیں گے۔