وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت برآمدات کو فروغ دینے کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی پرتوجہ مرکوز کیئے ہوئے ہے اور کاروبار کی بہتری کیلئے پالیسیاں بنارہی ہے ۔
وہ آج(جمعہ) اسلام آباد میں برآمدات کے حجم میں اضافے کیلئے حکومت کے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔وزیراعظم نے کہاکہ منڈی کے تنوع اورمصنوعات کی برآمدات میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوں نے کہا حکومت تاجر برادری اور برآمد کنندگان کی مشاورت سے پالیسیاں مرتب کررہی ہے اورانھیں سہولیات دی جارہی ہیں۔وزیراعظم نے کامرس ڈویژن کو تجارت کیلئے اہداف مقرر کرنے اور بیرون ممالک سرمایہ کاری افسران تعینات کرنے کی ہدایت کی ۔اجلاس کو بتایاگیا کہ پاکستان کی برآمدات میں تیس ارب ڈالر تک اضافہ ہوسکتا ہے اس مقصد کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل ، ادویات ، پولٹری ، چاول ، سبزیوں ، خشک میوہ جات، چمڑا ، نمک ، ظروف سازی اور آلات جراحی سمیت انیس شعبوں پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔