Friday, 22 November 2019, 12:02:09 am
مقبوضہ کشمیرمیں سخت کرفیو اورذرائع مواصلات پرپابندیاں مسلسل 37ویں روز بھی جاری
September 10, 2019

مقبوضہ کشمیر میں سخت کرفیو اور ذرائع مواصلات پر پابندیاں مسلسل 37ویں روز بھی جاری رہی جس کی وجہ سے مقبوضہ علاقے میں یوم عاشور کے ماتمی جلوس نہیں نکالے جاسکے

قابض انتظامیہ نے آج یوم عاشور کے جلوسوں پر پابندی لگادی اور سرینگر ، بڈگام اور مقبوضہ علاقے کے دیگر حصوں میں کسی کو بھی گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

حتی کہ صحافیوں، سرکاری ملازمین اور دیگر افراد جن کے پاس انتظامیہ کی طرف سے جاری کئے گئے باقاعدہ اجازت نامے تھے انہیں بھی گھروں سے باہر نکلنے نہیں دیا گیا ۔

تاہم مقبوضہ علاقے کے بعض حصوں میں لوگ کرفیو اور پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہو ئے یوم عاشور کے جلوس نکالنے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ بھارتی فوجیوں نے ان پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔

عزاداروں نے آج یوم عاشور کے ایک بڑے ماتمی جلوس کے دوران بینرز اور پوسٹرز اُٹھا رکھے تھے جن پر وادی کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور لداخ کو یونین ٹیر یٹری کا درجہ دینے کے خلاف نعرے درج تھے۔

ادھر کرفیو اور دیگر پابندیوں کی وجہ سے معمو لات زندگی مفلوج رہے۔ تمام مارکیٹیں بند اور سڑکوں پر ٹریفک معطل تھی۔

وادی کشمیراور جموں خطے کے مختلف حصوں کا انٹرنیٹ، موبائیل فون سروسز اور ٹی وی چینلوں کی بندش کی وجہ سے بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع رہا ۔

پابندیوں کی وجہ سے ادویات سمیت اشیائے ضروریہ کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔ ایس ایم ایچ ایس اسپتال کے ڈاکٹروں نے ذرائع ابلاغ کو بتا یا کہ ماہر ڈاکٹروں کے ساتھ بر وقت رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے کم از کم چھ مریض دم توڑ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوجی محاصرے کے نفاذ کے بعد اسپتالوں میںآنے والے کینسر کے مریضوں کی تعداد میںخطرناک حد تک کمی ہوئی ہے۔مقبوضہ کشمیرمیں شدید علیل مریضوں کو لے جانے والی ایمبولینسوں کو بھارتی پولیس کی طرف سے روکا جانا معمول بن چکا ہے۔

مقبوضہ علاقے میں بہت سے علاقوں میں مقامی افراد نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ بھارتی فوجیوں نے ان کے گھروں پر چھاپے مارے اور اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بجلی کے جھٹکے دیئے ۔انہیں آلودہ پانی پینے پر مجبور کیا۔ مقامی افراد نے مزید کہا کہ بھارتی فوجی ان کے کھانے پینے کی اشیا ء کو زہر آلود کر رہے ہیں، مویشیوں کو مار رہے ہیںاور ان کی خواتین کو زبردستی اٹھا لے جانے اور ان کے ساتھ شادی کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔