Saturday, 26 May 2018, 09:17:14 am
سندھ کا 11کھرب 44ارب روپے سے زائد کا بجٹ صوبائی اسمبلی میں پیش
May 10, 2018

مالی سال 19-2018کے لئے سندھ کا گیارہ کھرب 44 ارب روپے سے زائد کا بجٹ کراچی میں صوبائی اسمبلی میں پیش کیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ جن کے پاس وزیر خزانہ کا قلمدان بھی ہے ایوان میں بجٹ پیش کیا۔اپنی تقریر میں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبائی بجٹ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری اور دیہی اور شہری علاقوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

سندھ حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن میں دس فیصد اضافے کی تجویز دی ہے۔سندھ کے وزیراعلیٰ نے اپنی بجٹ تقریر میں کہا کہ امن و امان کیلئے پچانوے ارب روپے سے زیادہ مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ رینجرز کیلئے تیس کروڑ ساٹھ لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے شعبہ تعلیم کیلئے بجٹ میں اضافہ کر کے غیرترقیاتی اخراجات کیلئے ایک سو اٹھہتر ارب ستر کروڑ روپے اور ترقیاتی اخراجات کیلئے چوبیس ارب چالیس کروڑ روپے مختص کیا ہے۔شعبہ صحت کے بارے میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس کیلئے چوبیس ارب روپے سے زیادہ مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔صوبے بھر میں سڑکوں کی تعمیر کیلئے پچیس ارب روپے سے زیادہ مختص کئے گئے ہیں جبکہ اقلیتوں کیلئے پچھتر کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔