Tuesday, 24 April 2018, 06:05:17 am
صحت وصفائی بارے7ویں جنوبی ایشیائی کانفرنس اسلام آباد میں شروع
April 10, 2018

صحت وصفائی کے بارے میں ساتویں جنوبی ایشیائی کانفرنس منگل کے روز اسلام آباد میں شروع ہوئی۔اپنے افتتاحی خطاب میں موسمیاتی تبدیلی کے وزیر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ کانفرنس ایک اہم تقریب ہے جو ہر دوسرے سال آٹھ جنوبی ایشیائی ملکوں میں باری باری منعقد کی جاتی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ کانفرنس حفظان صحت کے امور ، مجموعی طور پر گہرے تعاون کو ترقی دینے اور خطے میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے سلسلے میں انقلابی تبدیلی لانے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا 2030ء کیلئے پائیدار ترقی کے اہداف کے ایجنڈے کی منظوری اور موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں پیرس معاہدے کے بعد یہ پہلی کانفرنس ہے۔افغانستان، بنگلہ دیش ، بھوٹان ، بھارت، مالدیپ ، نیپال ، پاکستان اور سری لنکا سے سرکاری عہدیدار ، ماہرین ، سول سوسائٹی اور تجارتی شعبے سے تعلق رکھنے والے وفود کانفرنس میں موجود تھے۔جنوبی ایشیائی ملکوں کے نمائندوں نے کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔