Saturday, 23 February 2019, 05:18:27 am
پاکستان اور لبنان کا دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانے پر اتفاق
February 10, 2019

پاکستان اور لبنان نے دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے وزیراعظم عمران خان اور ان کے لبنانی ہم منصب سعد الدین رفیق الحریری کے درمیان اتوار کے روز دبئی میں حکومتوں کے عالمی سربراہ اجلاس کے موقع پر ہوا۔

عمران خان نے لبنانی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔

دونوں رہنمائوں نے دونوں ملکوں کی پارلیمانوں کے درمیان تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں لبنانی شہریوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے کھڑے ہیں ۔ انہوں نے لبنان میں استحکام اور سلامتی کیلئے لبنانی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔

وزیراعظم سعد حریری نے عمران خان کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے اور عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

لبنانی وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات پر زور دیا ۔

عمران خان نے لبنان میں نئی حکومت کی تشکیل پر اپنے لبنانی ہم منصب کو مبارکباد دی اور قومی اتفاق رائے سے بننے والی حکومت کی کامیابی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔