Sunday, 25 August 2019, 10:32:05 am
حکومت اداروں کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتی، گورنر پنجاب
February 10, 2019

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اداروں کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتی اور یکطرفہ احتساب کے حوالے سے الزامات درست نہیں ہیں۔

اتوار کے روز ملتان میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عبدالعلیم خان نے اپنی گرفتاری کے فوراً بعد اپنی وزارت سے استعفیٰ دیدیا اور وہ بلاجھجک نیب کیسز کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں جو اداروں کی خودمختاری کا ثبوت ہے۔

گورنر نے کہا کہ پنجاب کی جیلوں میں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور جو قیدی اپنی سزائیں مکمل کرنے کے بعد اپنے جرمانے ادا کرنے کے قابل نہیں انہیں حکومت کی جانب سے جرمانوں کی ادائیگی کے بعد رہا کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی جیلوں میں سلائی مرکز قائم کئے جا رہے ہیں تاکہ قیدی خواتین روزگار حاصل کر سکیں اور جیل سے رہائی کے بعد اپنی معاشی حالت بہتر بنا سکیں۔