وزیراعظم شہبازشریف نے عالمی سطح پر اسلام کے حقیقی تشخص کو فروغ دینے پر مسلم ورلڈ لیگ کی تعریف کی ہے ۔
وہ مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے آج(جمعہ کو) اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے عالم اسلام کے مشترکہ مقاصد کی حمایت کرنے کے علاوہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان باہمی احترام اور مفاہمت کو فروغ دینے پر بھی تنظیم کی کوششوں کوسراہا ۔
وزیراعظم نے پاکستان کی طرف سے مسلم ورلڈ لیگ کے اغراض ومقاصد کی حمایت کا اعادہ کیا انہوں نے پاکستان میں سیرت میوزیم کے قیام کے فیصلے پر سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ عالم اسلام کا یہ اہم منصوبہ جلد مکمل ہوگا انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان خاص طورپر سیرت میوزیم کے قیام سمیت مشترکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے کام جاری رکھے گا۔