file photo

انصار الشریعہ کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کی شناخت ہوگئی ہے:ڈی جی سندھ رینجرز
09 ستمبر 2017 (19:39)
0

پاکستان رینجرز سندھ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد سعید نے کہا ہے کہ انصار الشریعہ کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کی شناخت ہوگئی ہے اور اس کے بانی کا تعلق القاعدہ سے ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے ہفتے کے روز کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن پر حملے کی تحقیقات کررہے ہیں اور انہیں اس بارے میں ٹھوس شواہد حاصل ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انصارالشریعہ کے خلاف آپریشن جاری ہے اور اس بارے میں معلومات کو اس وقت ظاہر نہیں کیا جاسکتا۔ آپریشن مکمل ہونے کے بعد ذرائع ابلاغ سے تفصیلات کا تبادلہ کیا جائے گا۔
میجر جنرل محمد سعید نے کہا کہ رینجرز یا دوسرے اداروں نے جامعہ کراچی کے طالب علموں سے متعلق تفصیلات طلب نہیں کی ہیں۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔