بھارت کا منفی پروپیگنڈہ بری طرح ناکام ہوگیاہے : مسعود خان
09 ستمبر 2017 (16:06)
0

 آزاد جموں وکشمیر کے صدرسردارمسعود خان نے کہا ہے کہ چین کی جانب سے انسداد دہشتگردی مہم میں پاکستان کی حمایت کے اعلان کے بعد بھارت کا منفی پروپیگنڈہ بری طرح ناکام ہوگیاہے ۔
ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چین پاکستان کی گرانقدر قربانیوں کا اعتراف کرتا ہے اور کوئی بھی اس حقیقت کو نہیں جھٹلا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے ، ہمیں ناصرف ملک کو تمام محاذوں پر مضبوط بنانے بلکہ دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے متحد ہونے کی ضرورت ہے تاکہ کوئی بھی پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کرسکے۔
سردار مسعود نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے زمینی حقائق بھارتی ذرائع ابلاغ کی جانب سے وہاں کی منظر کشی کئے جانے کے بالکل برعکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران کئی نوجوانوں کا وحشیانہ قتل کیا اور دوسرے متعدد کشمیریوں کو بینائی سے محروم کردیا ہے۔