شاہد خاقان عباسی کو مصحف ائیر بیس سرگودھا کے دورہ پرپاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور مختلف شعبوں میں خدمات کے بارے میں بتایا گیا ۔

09 ستمبر 2017 (15:33)
0

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملک کی فضائی حدود کے نگہبانوں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وہ ہفتے کے روزسرگودھا میں پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئر بیس میں سکواڈرن کے زمینی اور فضائی عملے سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر ایلیٹ نمبر نو ملٹی رول سکواڈرن کے تربیتی مشن کا ایف سولہ طیارہ بھی اڑایا۔
پاک فضائیہ کے سربراہ جو دوسرے ایف سولہ طیارے میں موجود تھے، نے بھی تربیتی مشن میں حصہ لیا۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ملک کے وزیراعظم نے لڑاکا طیارے کے ریئر کاک پٹ میں بیٹھ کر فلائنگ مشن میں حصہ لیا۔
وزیراعظم نے نئے تعمیر شدہ ایئر پاور سنٹر آف ایکسیلینس کا د ورہ بھی کیا اور وہاں جاری مشق کے بارے میں بریفنگ میں شرکت کی ۔انہیں بتایا گیا کہ پہلی کثیر جہتی مشق اس سال اکتوبر میں ہوگی جس میں انیس ملکوں کی فضائی افواج کے جوان حصہ لیں گے۔
وزیراعظم نے ایوی ایشن سٹی کے منصوبے میں گہری دلچسپی لی جو کامرہ میں قائم کیا گیا ہے جس کا مقصد ہوا بازی کے شعبے میں متنوع سوچ کو فروغ دینا ہے۔