حکومت غربت کے خاتمے اور نادار لوگوں کو باعزت روزگار کمانے کے قابل بنانے کیلئے پرعزم ہے:وزیراعظم
09 ستمبر 2017 (07:38)
0

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت غربت کے خاتمے اور نادار افراد کو اپنا روزگار کمانے کے قابل بنانے کیلئے پر عزم ہے۔  انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی کارکردگی کے بارے میں پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن کی طرف سے دی گئی بریفنگ کے دوران کہی۔

شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ چار برس میں بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام میں پیشرفت کو سراہاتاہم انہوں نے شفافیت بڑھانے اور پروگرام کی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔
پروگرام کی چیئر پرسن نے کہاکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نتیجے میں غربت میں سات فیصد کمی ہوئی ہے اور پرائمری سکولوں میں پروگرام سے استفادہ کرنے والے بچوں کے اندراج میں دس فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ماروی میمن نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ پروگرام کیلئے مختص بجٹ بڑھاکر ایک سو اکیس ارب روپے کردیا گیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ سہ ماہی وظیفہ جو 2013میں تین ہزار روپے تھا بڑھا کر چار ہزار آٹھ سو چونتیس روپے کردیا گیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام میں تین لاکھ چون ہزار آٹھ سو سنتالیس خاندانوں کو شامل کیا گیا ہے۔