احسن اقبال نے اسلام آباد میں چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر سن وی ڈونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم منصوبہ کسی کے خلاف نہیں ہے۔

09 اکتوبر 2017 (19:24)
0

وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری نے ملک میں توانائی بحران میں کمی لانے میں اہم کردارادا کیا ہے۔
انہوں نےپیر کے روز اسلام آباد میں چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر سن وی ڈونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم منصوبہ کسی کے خلاف نہیں ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کا شاہکار ہے اور اس منصوبے کے تحت پاکستان میں خطیر سرمایہ کاری یقینی بنائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان نہیں چاہتے تاہم پوری قوم اس منصوبے کی تکمیل کیلئے متحد ہے۔
وزیرداخلہ نے اقتصادی راہداری پر عملدرآمد میں چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر کے کردار کو بھی سراہا۔
انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو ملک کو درپیش بجلی اور بنیادی ڈھانچے کے مسائل کا حل قرار دیا۔