وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا گیا کہ حکومت روس کو زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

سینیٹ:نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے قیام کا بل متفقہ منظور
09 اکتوبر 2015 (17:56)
0

سینٹ نے نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز قائم کرنے سے متعلق ایک بل کی متفقہ طورپر منظوری دی ہے ۔

بل وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے پیش کیا تھا جس کی قومی اسمبلی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے ۔
ادھر وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا گیا کہ حکومت روس کو زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے بتایا کہ برآمد کنندگان کے تیس رکنی وفد نے روس کا دورہ کیا اور ماسکو میں ورلڈ فوڈ فیسٹیول میں شرکت کی۔
روسی منڈی میں پاکستانی مصنوعات متعارف کرائی گئیں اور روسی فیڈریشن نے زرعی مصنوعات درآمد کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس کو برآمد کی جانے والی اہم اشیاء میں چاول ، پھل،کپڑا ، مصنوعی ریشہ ، ہوزری اور کھیلوں کا سامان شامل ہے۔
ایک سوال کے جواب میں پارلیمانی امور کے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو بتایا کہ تصدیق کے عمل کے دوران دو کروڑ ساٹھ لاکھ غیرتصدیق شدہ موبائل سموں کو بند کر دیا گیا ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے پی آئی اے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔
چوہدری تنویر خان کے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وزیراطلاعات پرویز رشید نے ایوان کو بتایا کہ پیمرا موجودہ قواعد وضوابط کے مطابق اپنا کردار ادا کر رہی ہے ۔
ایک اور توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے ہاوسنگ وتعمیرات کے وزیر اکرم خان درانی نے کہا کہ بھارہ کہو ہاوسنگ سکیم میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے خطوط متعلقہ محکموں سے تصدیق کے بعد آئینی اداروں کے ملازمین کو جاری کئے جائیں گے۔