وزیراعظم کے ترجمان نے کہا کہ شمسی توانائی اور ہوا سے بجلی کی پیداوار دو برسوں میں شروع ہو جائے گی

تین سے چارسال میں مزید 10400 میگاواٹ بجلی شامل کی جائے گی:مصدق
09 نومبر 2014 (10:02)
0

وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ آئندہ تین سے چار سال کے دوران قومی گرڈ میں مزید دس ہزار چار سو میگاواٹ بجلی شامل کی جائے گی تاکہ توانائی بحران پر قابو پایا جاسکے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وزیراعظم کی جانب سے بیجنگ میں دستخط کئے گئے متعدد منصوبوں سے بجلی کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملے گی ،کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے اور قومی معیشت مستحکم ہوگی۔


مصدق ملک نے کہا کہ ان منصوبوں کے تحت شمسی توانائی، ہوا، کوئلے اور پانی سے بجلی پیدا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شمسی توانائی اور ہوا سے بجلی کی پیداوار دو برسوں میں شروع ہو جائے گی جبکہ کوئلے اور پن بجلی کے منصوبے تین سے پانچ برسوں میں مکمل ہوں گے۔


وزیراعظم کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے کے طور پرچین خضدار سے گوادر تک ایک بڑی شاہراہ کی تعمیر میں بھی پاکستان کی معاونت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے درمیان ایک رابطہ سڑک بھی تعمیر کی جائے گی جو آگے افغانستان سے منسلک ہو گی جس سے پاکستان کو علاقائی تجارت کا مرکز بنایا جائے گا۔