صدر اور وزیراعظم نے عظیم شاعر کے فلسفے اور خودی اورعزت نفس کے ان کے پیغام پر عملدرآمد کے عہد کی تجدید پر زور دیا ہے۔

 قوم نے شاعر مشرق کا یوم ولادت ملی جوش وجذبے سے منایا
09 نومبر 2014 (09:42)
0

فلسفی شاعر اور مفکر پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کا آج 138 واں یوم پیدائش انتہائی جوش وخروش سے منایا گیا۔
اس موقع پر اپنے اپنے پیغامات میں صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے عظیم شاعر کے فلسفے اور خودی اورعزت نفس کے ان کے پیغام پر عملدرآمد کے عہد کی تجدید پر زور دیا ہے۔


صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں اقبال کے پیغام کی طرف متوجہ ہونے کیلئے بھرپور کوششیں کرنا چاہئیں تاکہ ہم ان تمام خرابیوں کو ختم کرسکیں جنہوں نے ہماری سماجی زندگی کو متاثر کیا اور ترقی اور خوشحالی کی طرف ہمارے سفر میں رکاوٹ ہیں۔


انہوں نے کہا کہ برصغیر کے مسلمان عظیم مفکر اور رہنما کی ان ناقابل فراموش خدمات کے ہمیشہ مشکور رہیں گے جن کے ذریعے انہوں نے مسلمانوں میں ایک نئی روح پھونکی۔


اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم عظیم شاعر کے فلسفے اور افکار کی پیروی کرتے ہوئے سیاسی اقتصادی ، سماجی اور مذہبی معاملات میں واضح برتری حاصل کرسکیں۔ نواز شریف نے کہا کہ علامہ محمد اقبال نے نیل سے لے کر کاشغر تک مسلمانوں کے اتحاد پر زور دیا تاکہ وہ دنیا میں سیاسی، معاشی اور سماجی سامراجیت کے خلاف ایک طاقت بن کرابھریں اور انسانی فلاح وبہبود کیلئے خدمات سرانجام دیں۔