وزیراعظم نواز شریف کی چینی صدر اور چینی وزیراعظم سے الگ الگ ملاقاتیں
09 نومبر 2014 (11:06)
0

وزیراعظم محمد نواز شریف نے بیجنگ میں چینی صدر XI JIN PING اور وزیراعظم LI KEQIANG سے الگ الگ ملاقات کی اور خصوصاً معیشت اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔


وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین دوستی کو پاکستان میں مکمل سیاسی، ادارہ جاتی اور عوامی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ان کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔


چینی رہنمائوں نے اقتصادی ترقی اور استحکام برقرار رکھنے کیلئے پاکستان سے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ چین اور پاکستان آزمودہ دوست اور تزویراتی تعاون میں سدا بہار شراکت دار ہیں۔ چینی رہنمائوں نے کہا کہ چین کی جانب سے پاکستان میں شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے بروقت فنڈز کی فراہمی کیلئے ایک گرین چینل قائم کیا جائے گا۔


وزیراعظم نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ایک سال سے زیادہ عرصے میں فریقین میں توانائی ، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کے متعدد منصوبوں پر بہتر ہم آہنگی پائی گئی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان خاص طور پر چین کے اہم مفادات سمیت تمام بڑے امور پر اس کے موقف کی حمایت کرے گا۔


وزیراعظم نے اتفاق کیا کہ پاکستان بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، مشرقی ترکستان اسلامی تحریک جیسی دہشتگرد قوتوں کے خلاف کارروائی اور علاقائی استحکام کے حوالے سے چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنائے گا۔