ایرانی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی،سرحد پارمداخلت بارے ایرانی جنرل کے مبینہ بیان پر اظہار تشویش۔

پاکستان کا ایرانی بری فوج کے سربراہ کے بیان پر اظہار تشویش
09 مئی 2017 (18:04)
0

پاکستان نے ایران کے بری فوج کے سربراہ کے بیان پر تشویش ظاہر کی ہے۔

پاکستان کے لئے ایران کے سفیر مہدی ہنردوست کو منگل   کے روز دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور سرحد پار مداخلت کے بارے میں ایران کی مسلح افواج کے سربراہ کے مبینہ بیان پر پاکستان کی تشویش ظاہر کی گئی ۔
ایرانی سفیر کو بتایا گیا کہ ایسے بیانات دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ بردرانہ تعلقات کی روح کے منافی ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک سے اعلیٰ سطح کے وفود کے مسلسل تبادلوں سے دوطرفہ تعاون مستحکم ہوا ہے اور ایران کے وزیر خارجہ کے اسلام آباد کے حالیہ دورے کے موقع پر فریقین نے سرحدی معاملات پر تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا تھا۔
ایران سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسے بیانات دینے سے گریز کرے جن سے بردرانہ تعلقات میں بگاڑ پیدا ہونے کا اندیشہ ہو۔