وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ نے ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے بڑی جدوجہد کی  اور عظیم قربانیاں دی ہیں۔

 مسلم لیگ(ن) جمہوریت کے تسلسل میں خلل نہیں آنے دے گی،سعد
09 جولائی 2017 (18:17)
0

ریلوے کے وزیر سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نون ملک میں جمہوریت کے تسلسل میں خلل نہیں آنے دے گی۔

انہوں نے اتوار کے روز لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نون نے پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کیلئے بڑی جدوجہد کی ہے اور عظیم قربانیاں دی ہیں۔
تاہم انہوں نے اس امر پر افسوس ظاہر کیا کہ بعض عناصر ملک میں جمہوریت کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے۔
سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی حکومت نے جمہوریت اور معیشت کو مستحکم کیا جس کا اعتراف عالمی مالیاتی اداروں نے بھی کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے ملک میں ترقی اور خوشحالی آئے گی اور تمام صوبوں کو اس سے یکساں فائدہ ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کے عوام کو وزیراعظم نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ وزیراعظم ان کی ترقی کا وژن رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان احتساب سے مسلسل راہ فرار اختیار کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے سے خوفزدہ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ غیر ملکی فنڈنگ کی تفصیلات دینے سے گریزاں ہیں۔