پٹرولیم و قدرتی وسائل کے وزیر نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبے کا حصہ بڑھایا گیاہے تاکہ انہیں اپنی سماجی و اقتصادی حالات بہتر بنانے کے قابل بنا یا جاسکے۔

فی کس آمدن میں اضافے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی گئی ہے
09 جولائی 2015 (15:27)
0

سینٹ کو آج بتایاگیا کہ فی کس آمدن میں اضافے اور وسائل کی تقسیم کو بہتر بنانے کیلئے ویژن2025 کی صورت میں ایک جامع حکمت عملی وضع کی گئی ہے۔  پٹرولیم و قدرتی وسائل کے وزیر شاہد خاقان عباسی نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ اس ویژن کے سات ستون ہیں جن میں انسانی اور سماجی سرمائے کاتحفظ، خود انحصاری پر مبنی، پائیدار ترقی کا حصول، بہتر نظم و نسق، ادارہ جاتی اصلاحات اور سرکاری شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا، توانائی ،پانی اور خوراک کا تحفظ، نجی شعبے پرمبنی ترقی، تیار مصنوعات کے ذریعے مسابقتی معلومات پر مبنی معیشت کا فروغ، مواصلات کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور وسیع تر علاقائی رابطے شامل ہیں۔


انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبے کا حصہ بڑھایا گیاہے تاکہ انہیں اپنی سماجی و اقتصادی حالات بہتر بنانے کے قابل بنا یا جاسکے، انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں شروع کئے گئے منصوبوں کو وفاق کے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے ذریعے بھی فنڈ فراہم کئے گئے ہیں۔

ریاستوں اور سرحدی علاقوں کے وزیر عبدالقادر بلوچ نے ایوان کو بتایا کہ پاکستا ن میں تیرہ سو سی سی اور اس سے بڑی کاروں کی قیمتیں ہمسائیہ ملکوں کے مقابلے میں کم ہے تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تیار ہونے والی یا اسمبل کی جانے والی چھوٹی کاروں کی قیمتیں بھارت جیسے ہمسائیہ ملکوں میں بنائی جانے والی اسی طرح کی کاروں کے مقابلے میں زیادہ ہیں جس کی وجہ ان ممالک میں ایسی گاڑیوں کی زیادہ تیاری اوران کی معیشت کا حجم زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت Automotive ڈویلپمنٹ پالیسی دوہزار پندرہ دوہزار بیس کا مسودہ تیار کررہی ہے جس کے تحت نئے سرمایہ کاروں کو مسابقتی عمل کے ذریعے قیمتیں کم کرنے کیلئے مناسب مراعات دی جائیں گی۔
زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ میں ترقیوں سے متعلق ایک سوال پرشاہد خاقان عباسی نے ایوان کوبتایا کہ زرعی ترقیاتی بینک کے معاون نائب صدر کی ترقی پرغور کیاجارہاہے جس میں میریٹ کی بنیادپرسنیارٹی اور فٹنس کومد نظررکھا جائے گا۔