دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ملاقات میں اہمیت کے حامل تمام معاملات پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔

وزیراعظم نواز شریف کل نریندر مودی سے ملاقات کریں گے
09 جولائی 2015 (15:19)
0

وزیراعظم نواز شریف کل روس کے شہراوفا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے دوطرفہ ملاقات کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے جمعرات کو اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں اس ملاقات کی تصدیق کی۔  ترجمان نے کہا کہ ملاقات میں اہمیت کے حامل تمام معاملات پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔  ترجمان نے امید ظاہر کی کہ دونوں رہنمائوں کی ملاقات کے دوطرفہ تعلقات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔  ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی درپردہ جنگ کے خلاف ہے اور ہمسائیگی کے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اور ہم تمام تنازعات کا بات چیت کے ذریعے حل چاہتے ہیں۔


قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ وزیراعظم روس،چین اور افغانستان کے صدور کے ساتھ بھی ملاقاتیں کریں گے انہوںنے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات بڑھانے کا خواہش مند ہے اور وزیراعظم اور روس کے صدر کے درمیان ملاقات سے جاری تعاون کو نئی جہت ملے گی۔


پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم میں مستقل رکنیت دئیے جانے کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ سربراہ اجلاس میں ہماری رکنیت کی اصولی منظوری دی جائے گی۔

افغان حکومت اور طالبان کے درمیان بات چیت سے متعلق ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بات چیت میں سہولت کار کا کردار ادا کیا۔  انہوں نے ا س بات چیت کو ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ دونوں فریقوں نے براہ راست بات چیت کی ہے انہوں نے کہا کہ بات چیت خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں فریقوں نے رمضان کے بعد دوبارہ ملنے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے اپنے زیر اہتما م ہونے والے امن عمل کی حمایت کیلئے پرعزم ہے۔