مقبوضہ کشمیر میں افضل گورو شہید کی تیسری برسی کے سلسلے میں مکمل ہڑتال
09 فروری 2016 (13:09)
0

مقبوضہ کشمیر میں ممتاز کشمیری رہنما افضل گورو شہید کی تیسری برسی کے موقع پر منگل کے روز مکمل ہڑتال کی گئی۔  ہڑتال کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس گیلانی گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ، محمد یاسین ملک نے کی تھی۔


ہڑتال کامقصد شہید حریت رہنمائوں محمد افضل گورو اور محمد مقبول بٹ کی باقیات کامطالبہ کرنا بھی ہے جنہیں نئی دلی کی تہاڑ جیل میں دفن کردیاگیاتھا۔  محمد افضل گورو کو دوہزارتیرہ میں آج ہی کے دن تہاڑ جیل میں جبکہ محمدمقبول بٹ کو گیارہ فروری انیس سو چوراسی میں پھانسی دے دی گئی تھی انھیں جیل کے احاطے میں دفن کیاگیاتھا۔


ادھر قابض حکام نے سری نگر اورمقبوضہ وادی کے دوسرے علاقوں میں غیراعلانیہ کرفیو اور سخت پابندیاں نافذ کردی ہیں۔  کل جماعتی حریت کانفرنس (گ)کے چیئرمین سید علی گیلانی نے نئی دہلی میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ وادی میں بھارتی حکام کی جانب سے حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کی مذمت کی۔


آزادجموں وکشمیر کے حریت رہنمائوں نے آج اسلام آباد میں ایک اجلاس کے دوران شہید کشمیری رہنمائوں محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا۔  رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام شہدا کی عظیم قربانیوں کورائیگاں نہیں جانے دیںگے اوران کے مشن کومنطقی انجام تک پہنچایاجائے گا۔