وزیر داخلہ کی زیر صدارت اسلام آباد میں اجلاس
09 فروری 2016 (20:45)
0

وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی صدارت میں منگل کو اسلام آباد میں منعقدہ ایک اجلاس نے انیس بین الاقوامی غیرسرکاری تنظیموں کی باقاعدہ منظوری دینے اور انہیں اپنے اپنے متعلقہ شعبوں میں پاکستان میں کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا۔

ان تنظیموں کو باضابطہ طورپر منظوری دینے کا عمل بین الاقوامی این جی اوز کے بارے میں کمیٹی ایک ہفتے میں مکمل کرے گی۔ وزیرداخلہ نے یورپ میں واپس بھجوائے جانے والے افراد کے داخلے کے معاملات پر یورپی یونین کے ساتھ ایک معاہدے پراتفاق کرنے پر وزارت داخلہ کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہاکہ یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کے جائز تحفظات کوسمجھنے اوراس پراتفاق رائے سے دونوں فریقوں کیلئے سود مند صورتحال پیدا ہوگی۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ ای سی ایل میں شامل افراد کی تعداد چودہ ہزار سے کم ہوکر اب تین ہزار کے قریب ہوگئی ہے۔ اجلاس میں نجی سیکورٹی کمپنیوں کے کام کرنے کے حوالے سے نیا طریقہ کار تیارکرنے پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔