بان کی مون نے کشمیریوں کوپاک بھارت مذاکراتی عمل میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کشمیر کے دیرینہ تنازعے کو حل کیا جاسکے۔

پاکستان،بھارت کی درخواست پر مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد دینے کیلئے تیار ہیں:بان کی مون
09 دسمبر 2014 (17:45)
0

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کی درخواست پر مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد دینے کے لئے تیار ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے نیو یارک میں ایک میڈیا انٹرویومیں کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے نہ صرف دونوں ملکوں کے سیکورٹی مفادات کو فائدہ ہوگا بلکہ پورے جنوبی ایشیامیں پائیدار امن کی راہ ہموارہوگی۔
بان کی مون نے کشمیریوں کوپاک بھارت مذاکراتی عمل میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کشمیر کے دیرینہ تنازعے کو حل کیا جاسکے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ کشمیریوں کے حقوق کا ہر صورت میں احترام کیا جانا چاہیے۔
ادھر کُل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کا ایک وفد آج اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر گیا اور مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات کے خلاف ایک یادداشت پیش کی۔
وفد کی قیادت حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کے کنویئنر سید یوسف نسیم کررہے تھے۔
دریں اثناء کُل جماعتی حریت کانفرنس نے سیمینار ' تصاویری نمائش ' کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں سالانہ رپورٹ کے اجراء کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی۔