پنجاب کے سابق وزیرقانون رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ گزشتہ روز تمام کاروباری مراکز، شاپنگ سنٹر ، بازار ، مارکیٹیں ، تجارتی ادارے ، سکول، کالج اور یونیورسٹیاں کھلی رہیں۔

تحریک انصاف کےرہنمائوں نے ہڑتال ناکام ہوتی دیکھ کرجان بوجھ کرشہرکی پرامن فضا کونقصان پہنچایا
09 دسمبر 2014 (12:26)
0

پنجاب کے سابق وزیرقانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ فیصل آباد کے لوگوں نے تحریک انصاف کی شٹر ڈائون اور ہڑتال کی اپیل مسترد کردی ہے اور گزشتہ روز تمام کاروباری مراکز، شاپنگ سنٹر ، بازار ، مارکیٹیں ، تجارتی ادارے ، سکول، کالج اور یونیورسٹیاں کھلی رہیں۔


فیصل آباد میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنمائوں اور حامیوں نے اپنی ہڑتال کی اپیل کو ناکام ہوتے دیکھ کر جان بوجھ کر شہر کی پرامن فضا کو نقصان پہنچایا۔


انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے شہر میں پرامن فضا کو یقینی رکھنے کے باوجود تحریک انصاف کے لیڈروں اور کارکنوں نے ٹائر جلائے، سڑکوں اور چوکوں میں رکاوٹیں کھڑی کردیں اور ٹریفک کی آمدورفت میں خلل ڈالا اور گاڑیوں کے علاوہ سرکاری اور نجی املاک کو بھی نقصان پہنچایا۔


رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت نے تحریک انصاف کے اجتماع میں نہ تو کوئی رکاوٹ ڈالی اور نہ ہی پولیس کے ذریعے طاقت کا استعمال کیا۔