مشیر خارجہ نے کہا کہ ان کے آئندہ دورہ بھارت کی تاریخوں کو حتمی شکل نہیں دی گئی تاہم بات چیت کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

 پاکستان اور بھارت کے مختلف مسائل کو مذاکرات کی میز پر ہی دور کیا جاسکتا ہے:سرتاج
09 اگست 2015 (09:11)
0

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مختلف مسائل پر خدشات کو صرف مذاکرات کی میز پر ہی دور کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔  سرتاج عزیز نے بھارت کے ساتھ تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔  انہوں نے کہا کہ ان کے آئندہ دورہ بھارت کی تاریخوں کو حتمی شکل نہیں دی گئی تاہم بات چیت کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومی سلامتی کے بھارتی مشیر کے ساتھ پاکستان میں بھارت کی مداخلت کا معاملہ اٹھائیں گے۔


ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ جموں وکشمیر کے سپیکر کومدعو نہیں کرسکتے کیونکہ متنازعہ علاقے کی وجہ سے اس اسمبلی کو قانونی حیثیت حاصل نہیں ہے۔  ایک اور سوال پر سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں دہشتگرد حملوں کی مذمت کرتا ہے اور اچھے برے طالبان کے درمیان فرق روا نہیں رکھتا۔  انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ افغان طالبان اور افغانستان کی حکومت کے درمیان بات چیت کا دوسرا دور جلد ہوگا۔