وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ تیاری میں ماہرین اور متعلقہ فریقوں کی تجاویز پر غور کیا جائے گا ۔

 بجٹ میں عوامی فلاح وبہبود کو اولین ترجیح دی جائے گی،ڈار
09 اپریل 2017 (19:41)
0

وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بجٹ کی تیاری کے دوران ماہرین اور متعلقہ فریقوں کی آراء اور تعمیری تجاویز پر غور کیا جائے گا۔
سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے متعلقہ امور کے جائزے کیلئے اتوار کے روز اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ میں عوام کی فلاح وبہبود کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے چیئرمین نے وزیرخزانہ کو کارپوریٹ شعبے کی سہولت کیلئے حکومت کے قانونی اقدامات سمیت اصلاحات سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا ۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈار واشنگٹن میں اس مہینے کی اکیس سے تئیس تاریخ تک بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک کے ساتھ ہونے والے موسم بہار کی تقریب میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی سالانہ تقریبات میں دنیا بھر سے وزرائے خزانہ ، مرکزی بینکوں کے سربراہان اور مالیات و اقتصادیات کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے زیر صدارت آج اسلام آباد میں ایک اجلاس ہوا جس میں پاکستانی وفد کی ان تقریبات میں بھرپور شرکت کے بارے میں تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
دورہ واشنگٹن کے دوران وزیرخزانہ آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی تقریبات میں شرکت کے ساتھ ساتھ وزرائے خزانہ کے ساتھ تبادلہ خیال اور اہم بین الاقوامی اداروں کے سربراہوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
وہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے بورڈ آف گورنر کے پچاسویں سالانہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جو آئندہ ماہ کی چار سے سات تاریخ تک جاپان کے شہر یاکوہاما میں ہوگا۔ اجلاس کے دوران ادارے کے معاملات کے ساتھ ساتھ ایشیاء اور بحرالکاہل کے علاقے میں ترقی کے بارے میں بھی غور کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار اس وقت ایشیائی ترقیاتی بینک کے وائس چیئرمین کے عہدے پر فائز ہیں۔