وزارت خزانہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان کی طرف سے بین الاقوامی بانڈ مارکیٹ میں یہ سب سے بڑا لین دین ہے

پاکستان کی بین الاقوامی بانڈ مارکیٹ میں تاریخی واپسی
09 اپریل 2014 (21:21)
0

پاکستان نے مجموعی طور پر دو ارب ڈالرز کے دو قسم کے بانڈز فروخت کیلئے پیش کر کے سات سال بعد بین الاقوامی بانڈ مارکیٹ میں تاریخی واپسی کی ہے۔

پانچ سالہ اور دس سالہ مدت کے بانڈز کی فروخت سے ایک ایک ارب ڈالر حاصل ہوں گے۔

وزارت خزانہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان کی طرف سے بین الاقوامی بانڈ مارکیٹ میں یہ سب سے بڑا لین دین ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پچاس کروڑ ڈالر کے حصول کی ابتدائی توقعات کے برعکس سرمایہ کاروں کا رد عمل بہت زیادہ پرجوش تھا اور دونوں طرح کے بانڈز کے خریدار آرڈر بکس سے زائد تھے جن میں اعلیٰ پائے کے چار سو سے زائد سرمایہ کاروں کے آرڈر شامل تھے۔

عالمی سرمائے کی منڈیوں میں سات سال کی غیرحاضری کے بعد اس سودے کی کامیابی پاکستان کے بڑے بڑے اقتصادی اشاریئوں میں حالیہ تبدیلیوں اور وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں حکومت کی طرف سے بیرونی مالیات اور بنیادی ڈھانچے میں کی گئی اصلاحات کی وجہ سے سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے ۔