Wednesday, 14 November 2018, 10:47:02 pm
وزیراعظم کا ملک سے پولیو کے خاتمے کے عزم کااعادہ
November 09, 2018

وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ پولیو کاخاتمہ قومی نصب العین ہے اور پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے گی ۔انہوں نے جمعہ کے روز اسلام آبادمیں انسداد پولیو کے بارے میں قومی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس مہلک مرض کے خاتمے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام وزرائے اعلی اپنے صوبوں میں پولیو کے خاتمے کی مہم جاری رکھیں گے اور وفاقی حکومت انہیں اس سلسلے میں ہر ممکن مدد فراہم کرتی رہے گی۔وزیراعظم نے بالخصوص ملک کے مستقبل یعنی بچوںپر اس مہلک مرض کے تباہ کن اثرات سے متعلق عوام میں آگاہی کے لئے بھرپور کوششیں کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے اس اہم مسئلے کے لئے مدد فراہم کرنے پرعالمی شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس کو ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے جاری کوششوں میں پیشرفت کے بارے میں بتایا گیا۔ وزرائے اعلی نے صوبائی حکومتوں کی جانب سے اس سلسلے میں جاری کوششوں کے بارے میں بتایا۔اجلاس کو بتایاگیا کہ پاک فوج انسداد پولیو مہم کی کامیابی کیلئے سکیورٹی اور سازگار ماحول فراہم کرے گی۔