Wednesday, 14 November 2018, 10:28:38 pm
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے امیگریشن،ویلفیئر کی قومی پالیسی کے اجراء کی تیاری
November 09, 2018

سینٹ کو آج بتایا گیا کہ حکومت بہت جلد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے امیگریشن اور ویلفیئر کی قومی پالیسی کا اجرا کررہی ہے۔مواصلات کے وزیر مملکت مراد سعید نے ایک سوال کے جواب میں ایوان کو بتایا کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر میں اضافے کے لئے ایک پیکیج کا آغاز کیا جارہا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ حکومت ملک میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے گی۔انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم کو مردوں اور خواتین کی کرکٹ ٹیموں کے تربیتی کیمپوں کیلئے وقتاً فوقتاً استعمال کیا جاتا ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے میچ ایبٹ آباد میں کرانے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم مقامی میچوں کیلئے باقاعدگی سے استعمال کیا جاتا ہے۔ایوان کا اجلاس اب پیر دن ڈھائی بجے ہوگا۔