Friday, 18 October 2019, 11:15:56 am
مواصلات کے شعبے کو بہتر بنانے کیلئے پہلی لاجسٹک پالیسی وضع کی جارہی ہے، مراد سعید
October 09, 2019

مواصلات کے وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ مواصلات کے شعبے کو بہتر بنانے کیلئے پہلی لاجسٹک پالیسی وضع کی جارہی ہے ۔

بدھ کے روز اسلام آباد میں ڈاک کے عالمی دن کے سلسلے میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پالیسی کو ایک یادو ماہ کے عرصے میں حتمی شکل دے دی جائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کے متعدد اقدامات سے وزارت مواصلات کے تحت پاکستان پوسٹ اور دیگر محکموں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں ڈاک کی فوری سروس شروع کی گئی ہے اور پاکستان پوسٹ نے پک اینڈ ڈلیور سروس بھی شروع کی ہے ۔

مراد سعید نے کہا ہے کہ ای کامرس سے وابستہ افراد اور اداروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ وزارت اوپن پالیسی پرعمل پیرا ہے اور وزارت کے مختلف محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ایک لاکھ ستانوے ہزار تجاویز اور شکایات موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نقصان پرقابوپانے کیلئے ہدف کے حصول کے بعد پاکستان پوسٹ کو جدید خطوط پر استوار کیاجائے گا ۔