Friday, 20 September 2019, 10:41:33 am
ملک بھر میں یوم عاشور انتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا
September 10, 2019

میدان کربلامیں حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے رفقا کو ان کی عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منگل کے روز ملک بھرمیں یوم عاشورمذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔

ملک کے تمام شہروں اورقصبوں میں تعزیے،علم اورذوالجناح کے جلوس نکالے گئے۔

علماء کرام اور ذاکرین حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی عظیم تعلیمات اورواقعہ کربلا کے مختلف پہلوئوں پرروشنی ڈال رہے ہیں۔

عزاداری کے جلوسوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوارواقعے سے بچنے کے لئے سیکیورٹی کے جامع انتظامات کئے گئے تھے۔

راولپنڈی میں عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول حسین سے برآمد ہوا ۔

لاہور میں دس محرم کا شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے نکالا گیا۔

جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں یوم عاشور کے حوالے سے جلوس برآمد ہوئے۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا ۔تھر میں ہندو برادری کے لوگوں نے ماتمی جلوسوں کی مدد کیلئے ان پر پانی کا چھڑکائو کیا۔

پشاور میں یوم عاشور کے سلسلے میں مرکزی جلوس قصہ خوانی بازار سے نکالا گیا۔

باجوڑ میں یوم عاشور کے حوالے سے مناسب سیکورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔

کوئٹہ شہر میں علم، تعزیے اور ذوالجناح کا مرکزی جلوس پنجابی اما م بارگاہ مری آباد سے نکالا گیا۔

گلگت میں یوم عاشور کو پرامن بنانے کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

ملک کے دیگر حصوں کی طرح آزاد کشمیر میں بھی یوم عاشور کے حوالے سے مختلف مقامات پر علم اور ذوالجناح کے جلوس برآمد کئے گئے۔

میرپور میں یوم عاشور کی مناسبت سے تعزیے اور ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوئے۔