Saturday, 24 August 2019, 05:10:29 pm
لاکھوں عازمین حج کی منیٰ آمد کے ساتھ مناسک حج شروع ہوگئے
August 10, 2019

منی میں لاکھوں عازمین حج کی آمد کے ساتھ مناسک حج شروع ہوگئے ہیں۔

 مکہ مکرمہ سے ریڈیو پاکستان کے نمائندے محمد اکرم خان نے بتایا ہے کہ عازمین حج کی منیٰ میں آمد کا سلسلہ گزشتہ رات شروع ہوا جو آج نماز ظہر تک جاری رہے گا۔

 دنیا بھر سے تقریباً بیس لاکھ مسلمان فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے مکہ مکرمہ پہنچ گئے ہیں۔

سعودی عرب کی طرف سے فراہم کردہ کوٹہ کے مطابق مجموعی طور پر دولاکھ پاکستانی فریضا حج ادا کررہے ہیں۔

عازمین حج نو ذی الحج، کل صبح نمازفجر تک منیٰ میں قیام کریں گے پھر عازمین عرفات کے میدان میں جائیں گے جہاں وہ ظہر اورعصر کی نمازیں ادا کریں گے۔

میدان عرفات میں مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیا جائے گا ،عازمین حج اسی روز مغرب کی نماز ادا کئے بغیر سورج غروب ہونے کے بعد مزدلفہ کےلئے روانہ ہونگے جہاں وہ ایک ساتھ مغرب ،عشا کی نمازیں ادا کریں گے۔