Saturday, 24 August 2019, 04:03:04 pm
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت،آزاد جموں و کشمیر میں یوم دعا و یکجہتی کشمیر منایا گیا
August 09, 2019

 آج آزادجموں و کشمیر میں یوم دعا و یکجہتی کشمیر منایا گیا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کی گئی۔یہ دن آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی ہدایات پر منایا گیا جس کا مقصد دنیا کو یہ مضبوط پیغام دینا تھا کہ کشمیری بھارتی مظالم اور اس کی گھناؤنی سازشوں کے آگے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے۔نمازجمعہ کے بعدکشمیر کی تحریک آزادی کی کامیابی کے لئے دعا کی گئی۔کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے نمازجمعہ کے بعد مساجد اور امام بارگاہوں سے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں اور احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ریاست کے دارالحکومت مظفرآباد میں مرکزی جامع مسجد سہیلی سرکار میں لوگوں کی بڑی تعداد نے ان منظور کردہ متفقہ قراردادوں کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں سے اظہار یکجہتی کیا جن میں بھارت کے مذموم عزائم اور کشمیر اور کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کی مذمت کی گئی۔قراردادوں میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کی گئی اور عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ صورتحال کا سختی سے اور فوری نوٹس لے۔مقررین نے پورے شہر میں مختلف مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کی۔انہوں نے آرٹیکل 370 اور 35-A کے خاتمے کو سختی سے مسترد کر دیا۔