Saturday, 24 August 2019, 04:41:40 pm
کل جماعتی کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب بدلنے کی بھارتی کوشش کو یکسر مسترد کر دیا
August 09, 2019

File photo

آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی زیرصدارت جمعہ کے روز اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر کے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے بھارتی اقدام کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایسے اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہیں۔اجلاس میں ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں بھارت کی جانب سے اس کے آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کو مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو اس کے لوگوں کی مرضی کے خلاف تبدیل کرنے کی گھناؤنی سازش قرار دیا گیا۔آل پارٹیز کانفرنس نے مقبوضہ وادی کی ہر طرح کی تقسیم کو مسترد کر دیا اور حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔اجلاس میں اس مکروہ کھیل کی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ اس سے نریندر مودی کی قیادت میں حکومت کے مذموم عزائم بے نقاب ہوئے ہیں۔آل پارٹیز کانفرنس نے مقبوضہ وادی میں رابطے کے ذرائع معطل کرنے کی بھی مذمت کی۔اجلاس میں کہا گیا کہ بھارتی حکومت نہ صرف جنگی جرائم اور کشمیریوں کی نسل کشی میں ملوث ہے بلکہ وہ کشمیریوں کو نقل مکانی پر مجبور کرنے کے لئے مختلف حربے بھی استعمال کر رہی ہے۔آل پارٹیز کانفرنس نے اپنے اعلامیے میں پارلیمنٹ اور آزادجموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی منظور کردہ قراردادوں کی توثیق کی گئی۔