وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے عمل کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے یہ ہدایات آج اسلام آباد میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ خسارے کے شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کی ترجیح ہے۔
انہوں نے نجکاری کے تمام عمل کو شفاف طریقے سے مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈسکوز کی نجکاری کے بعد ایک مضبوط ریگولیٹری فریم ورک بنایا جائے۔
اجلاس کو ڈسکوز کی نجکاری کے حوالے سے پیشرفت پر بریفنگ بھی دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے فیز میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کی جائے گی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے روڈ شو رواں ماہ سے منعقد کئے جا رہے ہیں۔ سعودی عرب ، ترکیہ اور چین کے سرمایہ کاروں کیلئے بین الاقوامی سطح پر بھی روڈ شوز منعقد کئے جا رہے ہیں۔